کراچی (ا ین این آئی)سحر فاؤنڈیشن ٹرسٹ کراچی یوتھ اسٹیڈی سرکل کے اشتراک سے گٹکا ،پان،چھالیہ ،مین پوری،سگریٹ،شیشہ سے پیداہونے والی مہلک بیماریوں سے آگہی مہم کے سلسلے میں حلقہ NA245(بابری چوک) گرومندسے صحت آگہی واک کا آغازکیاگیا ۔واک سحر اور یوتھ اسٹڈی سرکل عہدیداران کے علاو ہ سول سوسائٹی کے نمائندے ،طلباء وطالبات نے شرکت کی۔
ریلی بابری چوک سے بزنس ریکاڈرروڈ،رکشہ اسٹینڈ،فاطمہ بائی ہسپتال،لسبیلہ چوک نستر چوک سے ہوتی ہوئی ،تین ہٹی پر اہتمام پذیر ہوئی ۔واک کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے ۔ڈاکٹر ظفر اعظمی نے کہاکہ سن 1970ء اور 1980ء کی دہائی میں گلے کے کینسر کی تعدادمیں اوسطاًشرح 0.3تھی ،مگر آج ان کی شرح میں 37فیصد تشویشناک اضافہ کی وجہ گٹکا ،چھالیہ ،پان ،نسوار،شیشہ اور میٹھی چھالیہ ہے۔جو آج کل نسل نو کی مرغوب غذابنتی جارہی ہے۔انہوںنے کہاکہ اسکول کے بچوں کوچھالیہ کا بڑھتا ہوارجحان میں والدین اور اساتذہ کوبری الذمہ نہیں قراردیاجاسکتا ۔انہوںنے کہاکہ اسکولوں اور کالجز کے طلبہ میں ابتداء سگریٹ کی عادت بعدمیں چرس تک پہنچ جاتی ہے۔انہوںنے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک میں تعلیمی اداروں کے اطراف واکناف میں سگریٹ کے اشتہارات اور سائن بورڈلگانے کی اجازت نہیں اور الیکڑانک میڈیامیں سگریٹ کے اشتہارات پرپابندی اور اخبارات میں بھی اس حوالے سے قدغن ہے۔مگرہمارے ملک میں اس سے بالکل برعکس ہے۔اور محکمہ صحت کے حکام اور حکمران طبقہ گہری نیند میں ہے انہوںنے کہاکہ پارکوں میں سگریٹ نوشی کی پابندی کے باوجود ،مک مکا کے ذریعے سگریٹ نوشی عام ہے اور اسکولوں وکالجوں کی کینٹین سگریٹ باآسانی مل جاتی ہے۔واک سے خطاب کرتے ہوئے افتخارغزالی نے کہاکہ سحر اور یوتھ سرکل کراچی کی مضافاتی بستیوں میں صحت آگاہی مہم کے ذریعے نئی نسل کو بیماریوں سے متعلق شعوراُجاگرکرتی رہے گی ۔