پشاور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھی نیب عدالت نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے غیر قانونی استعمال پر18جو لا ئی کو طلب کرلیا، تفصیلات کے مطابق جمعرات کو نیب کی تفتیشی ٹیم کی جانب سے جاری کیا گیا نوٹس بنی گالہ کے ملازمین نے وصول کر لیا ہے، نوٹس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ذاتی طور پر بیان ریکارڈ کرانے کے لیے نیب پشاور طلب کیا گیا ہے۔ نیب کے پی کے نے سرکاری ہیلی کاپٹر غیر قانونی استعمال کرنے کے کیس میں عمران خان کے خلاف
تمام مواد جمع کر لیا ہے،اس سے قبل نیب خیبر پختونخوا کی ٹیم کی درخواست پر چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے عمران خان کی طلبی کی اجازت دی۔ نیب کی جانب سے عمران خان کو ذاتی طور پر بیان ریکارڈ کرنے کے لیے نیب ہیڈ کوارٹر پشاور حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس سے قبل سترہ مارچ دو ہزار اٹھارہ کو نیب پشاور نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سرکاری ہیلی کاپٹر کے غیر قانونی استعمال کے کیس میں پانچ گواہوں کے بیان ریکارڈ کر لیے ہیں۔