پیرس(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی حکومت کے مشیر برائے قانون روڈی جولیانی نے ایرانی اپوزیشن لیڈر اور قومی مزاحمتی کونسل کی چیئرپرسن مریم رجوی سے پیرس میں ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات ایرانی اپوزیشن کی سالانہ کانفرنس سے ایک روز قبل ہوئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق مریم رجوی کی ذاتی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں
کہا گیا کہ امریکی مشیر قانون کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ایران کی داخلی صورت حال، ولایت فقیہ کے نظام کیخلاف عوام کے احتجاج اور حکومت کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کے استعمال سمیت دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بیان میں امریکی مشیر قانون جولیانی کے حوالے سے کہا گیا کہ انہوں نے مریم رجوی سے ملاقات میں کہا کہ ایرانی رجیم نے قوم سے اقتدار سلب کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اور وزیر خارجہ متعدد بار ایرانی رجیم کو کرپٹ اور اپنی عوام پر مظالم کے مرتکب قرار دے چکے ہیں۔اس موقع پر ایرانی اپوزیشن رہ نما مریم رجوی کا کہنا تھا کہ ایران میں حکومت کی طرف سے طاقت کے استعمال کے باوجود عوامی احتجاج کی مہم جاری رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کریک ڈاؤن اور شہریوں پر طاقت کے استعمال سے ظالم نظام کے خلاف جاری صدائے احتجاج بند نہیں کی جاسکتی۔مریم رجوی کا کہنا تھا کہ ایران کے موجودہ سماجی حالات اب پیچھے کی طرف واپس نہیں جاسکتے۔ عوام اور مزاحمتی کونسل کے ہاتھوں ایرانی رجیم کا خاتمہ نوشتہ دیوار ہے۔