لاہور( این این آئی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جاتی امراء میں مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال ، نگران سیٹ اورقومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پارٹی قیادت کو نگران وزیر اعظم کے معاملے پر
قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے ہونے والی ملاقات اور زیر بحث آنے والے ناموں بارے آگاہ کیا ۔ملاقات میں قومی سلامتی کمیٹی کے ہفتہ کے روز اجلاس میں زیر بحث آنے والے امور بارے بھی قیادت کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مسلم لیگ(ن) بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور عوام کو حکومت کی کامیابیوں سے آگاہ کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔