اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کےباہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کو امپائر سے انگلی کھڑی کراکر ہمیں باہر کرنے کا موقع ملا تھا لیکن امپائر پاکستان کی سب سے بڑی عدالت ہوسکتی ہے،عمران خان کو اتنی جرات نہیں ہوئی کہ وہ کنٹینر سے اتر کر سپریم کورٹ جاتے لہٰذا وہ امپائر کے سامنے پیش ہی نہیں ہوئے اور جب کوئی کھلاڑی امپائر کے سامنے پیش ہونے سے گریز کرے تو اس کا مطلب ہے کہ یا تو وہ سچا کھیل کھیلنے کی صلاحیت نہیں رکھتا یا وہ امپائر کے سامنے کھیل پیش کرنے کے قابل نہیں۔پرویز رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کے تمام الزامات مسترد کردیئے وہ عدالت میں کسی بھی الزام کو درست ثابت نہیں کرسکے، عمران صرف خالی کرسیوں کےسامنے ہی اپنا مقدمہ پیش کرسکتے ہیں جبکہ ان کی اپنی وکٹ نوبال کا شکار ہوگئی جس کے بعد ان سے گزارش ہے کہ وہ اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے دھرنا ختم کریں اور پارلیمنٹ میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی کامیابی میں رکاوٹیں ڈالنا بند کریں انہوں نے اتنے دنوں لوگوں کو صرف گمراہ کیا وہ اب پارلیمنٹ میں آئیں ہم ان کے مطالبات پر انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کریں گے۔