اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کے معاملے پر بھرپور قیادت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جس کے لئے ڈاکٹر شیریں مزاری اور فواد چوہدری پر مشتمل دورکنی خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی جبکہ کمیٹی کو نادرا کی بریفنگ میں شرکت کیلئے سپریم کورٹ جانے کی ہدایت کردی گئی،تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی اور سردار اظہر بھی بریفنگ میں شرکت کریں گے
اور پارٹی کا مؤقف پیش کریں گے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی ووٹ کے حق سے محروم رکھے گئے ہیں،وقت آگیا ہے کہ انہیں انکا بنیادی حق فراہم کیا جائے،تکنیکی اسباب و وجوہ کی آڑ میں معاملے کا مزید التواء کسی طور گوارا نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کے معاملے پر بھرپور قیادت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جس کے لئے ڈاکٹر شیریں مزاری اور فواد چوہدری پر مشتمل دورکنی خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جبکہ کمیٹی کو نادرا کی بریفنگ میں شرکت کیلئے سپریم کورٹ جانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے،تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی اور سردار اظہر بھی بریفنگ میں شرکت کریں گے اور پارٹی کا مؤقف پیش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ نادرا ایک قومی ادارے کے طور پر عمل کرے گا اور عدالت عظمیٰ کی مکمل معاونت کرے گا کہ معاملے کو تکمیل تک پہنچایا جاسکے،تحریک انصاف نے اپنا پورا وژن سمندر پار پاکستانیوں کے پلڑے میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔