اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی عدلیہ آزاد نہیں ہے، ججز خود بھی کہتے ہیں کہ عدلیہ آزاد نہیں، چیف جسٹس ثاقب نثار اپنے آبائی علاقے بھاٹی گیٹ سے کونسلر کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام ’آن دی فرنٹ‘
میں اینکر کامران شاہد نے پاکستان کے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی سے سوال پوچھا کہ چوہدری نثار کہہ رہے ہیں کہ مریم نواز نے نواز شریف کو بند گلی میں پہنچا دیا ہے اس میں کیا غلط بات ہے ، یہ بات تو سب کر رہے ہیں جس پر جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عدلیہ آزاد نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے نواز شریف کے خلاف فیصلہ دیا جس پر عمران خان نے کہا کہ یہ کمزور فیصلہ تھا، مجھے چیف جسٹس صاحب سے محبت ہے اور میری خواہش بھی تھی ، وہ اگر اپنے آبائی علاقے بھاٹی گیٹ سے جھاڑو دینے والے کا احتساب کرینگے اور اگر وہ وہاں سے کونسلر کا الیکشن لڑیں تو وہ وہاں سے جیت نہیں سکتے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ کا کام اس کے آئین میں دئیے گئے مینڈیٹ کے مطابق چلائیں۔ اس کا مقام برقرار رکھیں، چوہدری نثار نواز شریف کو کہتے ہیں کہ عدالتوں سے نہ لڑیں تو وہ نواز شریف کے حق میں یہ بات کررہے ہیں جو کہ صحیح ہے، ان کی خواہش ہے کہ کسی طریقے سے ان کو بچایا جائے۔ میں یہ کہوں گا کہ چیف جسٹس اور عدلیہ نے جو فیصلے کئے ہیں اس پر سر جھکا کر کہتا ہوں کہ عدلیہ نے پہلے بھٹو کو پھانسی چڑھائی ، وزیراعظم کو ہٹایا، 14وزیراعظموں کو نکالا تو عمران خان کے بقول کمزور فیصلے کر کے نواز شریف کو پھر نکال دیا ۔میں کیسےعدلیہ کاپھر ساتھ دے سکتا ہوں ۔