لاہور ( این این آئی)بھٹہ چوک رحمان ولاز میں واقع گھر سے مسلم لیگ ن سابق رکن اسمبلی یاسمین خان کی لاش برآمد ہوئی ہے ، پولیس اور فرانزک کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لئے ۔ بتایا گیا ہے کہ بھٹہ چوک رحمان ولاز کے علاقے میں واقعہ گھر میں تعفن پھیلنے پر اہل علاقہ نے پویس کی مدد سے گھر کو کھولا تو دوسری منزل پر سابق ایم پی اے یاسمین خان کی لاش پڑی ہوئی تھی ۔ پولیس کے مطابق لاش چھ سے سات روز پرانی ہے۔ پولیس اور فرانزک ماہرین نے موقع سے
شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔دوسری طرف سابق ایم پی اے کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ چار بجکر 17منٹ پر اپنی گاڑی پر سوار ہو کر گھر سے نکلتے ہوئے نظر آتی ہیں اور 20منٹ بعد واپس آ جاتی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس کے بعد کسی بھی شخص کو ان کے گھر میں داخل یا نکلتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔پولیس کے مطابق یاسمین خان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں سے رابطہ کر رہے ہیں اور موت کی اصل وجہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔