کوئٹہ(سی پی پی) بھارت کے بعد برادر ملک ایران نے بھی پاکستان پر گولہ باری شروع کردی ، ایرانی سکیورٹی فورسز نے پنجگور کے گاؤں پارا میں6مارٹرگولے داغ دیئے ، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔تفصیلات کے مطابق ایرانی بارڈر گارڈز کی جانب سے شیلنگ بغیر کسی اطلاع کے کیے گئے جبکہ ایرانی فورسز کی جانب سے فائر کیے گئے شیلز پنجگور ضلع کے چھوٹے سے گاؤں پاراکو کے علاقے میں گرے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ مارٹر شیلز کو دن کے آغاز میں فائر کیا گیا تھا جس کی آواز سن کر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعے کے فورا بعد لیویز اور فرنٹیئر کورپس کے اہلکاروں نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور شواہد اکھٹے کیے۔پنجگور کو ڈپٹی کمشنر نے کوئٹہ میں متعلقہ حکام کو واقعے کے حوالے سے آگاہ کیا۔خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں ایران کی جانب سے کئی بار پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس پر اسلام آباد نے تہران کو سرحدی خلاف ورزی پر متعدد بار احتجاج بھی ریکارڈ کرایا ہے۔واضح رہے کہ 900 کلومیٹر طویل پاکستان ایران کی سرحد پر دہشت گردوں کی موجودگہ کے حوالے سے 2014 میں دونوں ممالک میں انٹیلی جنس ہم آہنگی کا معاہدہ طے پایا تھا۔