لاہور ( این ین آئی) سینئر اداکارہ بابرہ شریف نے کہا ہے کہ بطور ہیروئن میں نے فلم انڈسٹری میں جو نام کمایا ہے اب دوبارہ فلموں میں آکر اسکو دہرانہ نہیں چاہتی ۔ انہوں نے ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے میری فلمیں دیکھ رکھی ہیں وہ آج بھی اسی بابرہ شریف کو دیکھنے کے خواہشمند ہیں مگر وقت کے کچھ تقاضے ہوتے ہیں جن کو مد نظر رکھ کر انسان کو فیصلہ کرنا چاہیے اور یہی وجہ ہے کہ مجھے متعدد بار فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی مگر میں نے معذرت کر لی۔
کیونکہ میں سمجھتی ہوں کہ میں اپنا گولڈن دور حاصل کر چکی ہوں اور اب نئی اداکارائوں کو آگے آنے کا موقع ملنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری دوبارہ اپنی بحالی کی جانب گامزن ہے ۔ چیئرمین سنسر بورڈ جیسے عہدے پر میں کام نہیں کر سکتی ۔ بابرہ شریف نے کہا کہ یہ پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے نیک شگون ہے کہ حکومتی پالیسی کے مطابق آئندہ سے ہمارے اہم تہواروں پر بھارتی فلموں کی نمائش نہیں ہو گی ، صرف پاکستانی فلمیں نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی اور یہ فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے بڑا مثبت قدم ہے۔