ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت حج و عمرہ کی جانب سے معتمرین و عازمین کی سہولت کےلئے اسمارٹ ٹیکنالوجی متعارف کروائی جارہی ہے ۔ مخصو ص ایپ کے ذریعے حج وعمرہ امورسے متعلق معلومات کا حصول آسان ہو جائیگا ۔ وزرات حج و عمرہ کی جانب سے مملکت کے وژن 2030 کو مدنظررکھتے ہوئے کام کیا جارہا ہے تاکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے ۔
وزارت حج و عمرہ نے سعودی عرب کے سالانہ ثقافتی میلے جنادریہ میں لگائے گئے اسٹال پر تیار کی جانے والی ایپ کی نمائش کی جسے مزید بہتر کیا جارہا ہے ۔ جنادریہ میلے میں شریک وزارت کے اہلکار نے بتایا کہ مخصوص ایپ کے ذریعے زائرین ، معتمرین اور عازمین حج کی بہتر طور پر خدمت کی جاسکے گی ۔ انکی جانب سے استفسارات کے فوری جوابات دیئے جائیں گے ۔ ایپ سے خود کار سسٹم کے تحت استفسارات کے جوابات دیئے جائیں گے ۔ حج ایپ پر اہم معلومات بھی مہیا کی جائیں گی ۔ ایپ استعمال کرنے والوںکی سہولت کےلئے وزرات حج و عمرہ کی جانب سے اسے مزید بہتر بنایا جارہا ہے جس کے بعد بیرون ملک سے بھی ایپ کے ذریعے اہم معلومات جن میں بیرون مملکت رجسٹرڈ حج و عمرہ ٹور آپریٹرز کے ناموں کی فہرست بھی شامل ہو گی جس کے ذریعے معتمرین کو یہ سہولت ہو گی کہ وہ اپنے ملک میں موجود لائسنس یافتہ عمرہ و حج ٹور آپریٹرز کے بارے میں آسانی سے معلوم کر سکیں گے ۔ وزرات کے ذرائع کا کہنا تھا کہ بعض ممالک سے اس قسم کی شکایات موصول ہوتی ہیں کہ انہیں لائسنس یافتہ ٹورآپریٹرزکے بارے میں علم نہیں ہوتا ۔ اس ایپ کی اپ گریڈنگ کے بعد بیرون مملکت لوگوں کو کافی سہولت ہو گی۔ ایپلیکیشن میں حج و عمرہ کے احکامات سے متعلق اہم معلومات بھی اپ لوڈ کی گئی ہیں جبکہ وزرات کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کا تعارف بھی پیش کیا گیا ہے ۔