ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے ایک مذہبی عالم نے کہا ہے کہ سعودی خواتین کو عوامی مقامات پر عبایہ پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی کونسل آف سینئیر سکالرز کے رکن شیخ عبداللہ الا مطلق نے کہا کہ خواتین کو اعتدال والے لباس پہننے چاہییں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ عبایہ پہنیں۔شیخ مطلق نے کہاکہ دنیا کی 90 فیصد سے زیادہ نیک مسلمان خواتین عبایہ نہیں پہنتی ہیں چنانچہ ہمیں
لوگوں کو عبایہ پہننے پر مجبور نہیں کرنا چاہیے۔شیخ مطلق کی یہ مداخلت اس اصلاحی منصوبے کا حصہ ہے جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سعودی سماج کو جدید بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے ویڑن پروگرام 2030 کے ساتھ ملک کو تبدیل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔اس منصوبے کے تحت سعودی خواتین کو مزید آزادی دینا اور ان پر ستمبر سنہ 2017 سے گاڑی چلانے پر عائد پابندی کا خاتمہ ہے۔