واشنگٹن(این این آئی)امریکا نے افغانستان میں طالبان کے خلاف نئی فضائی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ تعداد میں گائیڈڈ میزائل کے حملے کیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کے عسکری حکام نے کہا کہ فضائی حملوں کا دائرہ کار شمالی افغانستان تک بڑھا دیا گیا ہے جس کی سرحدیں چین اور تاجکستان سے ملتی ہیں تاہم طالبان کے ٹھکانوں کے علاوہ تازہ کارروائیوں میں ان کے ٹریننگ سینٹرز اور سپورٹ نیٹ ورک پر بھی حملے کیے گئے۔مذکورہ فضائی کارروائی میں،
امریکی ایئرفورس نے طالبان کے ٹھکانوں پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں 24 گائیڈڈ میزائل داغے ۔افغانستان میں نیٹو اور امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جون نیکولسن نے کہا کہ طالبان کے پاس چْھپنے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، کسی دہشت گرد کے لیے محفوظ پناہ گاہ کا تصور اب صرف خواب ہی رہے گا۔امریکی عسکری حکام نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چند برسوں سے امریکی اور افغان فضائیہ کے حملوں اور افغان اسپیشل سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیوں سے قندوز شہر کو طالبان کے قبضے سے بچایا۔