کیلیفورنیا (آن لائن) ایپل کمپنی نے آئی فون 7 میں سگنلز کا مسئلہ سامنے آنے پر متاثرہ صارفین کو موبائل فون کی مفت میں مرمت کی پیشکش کی ہے۔ ایپل نے اعتراف کیا ہے کہ آئی فون 7 کے چند موبائل فونز کے لاجک بورڈ میں خرابی کے باعث بعض صارفین کو سگنلز کی موجودگی کے باوجود ‘نو سروس’ کا سامنا تھا تاہم متاثرہ افراد اب اس مسئلے کو مفت میں صحیح کراسکتے ہیں۔
ایپل کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق ایسے موبائل فونز جن میں خرابی کی نشاندہی ہوئی وہ ستمبر 2016 اور فروری 2018 کے درمیان چین، ہانگ کانگ، جاپان، امریکا اور ماکاؤ میں فروخت ہوئے۔آئی فون 7 کی مفت مرمت کی سہولت موبائل کے ماڈل اے 1660 ، اے 1780، اور اے 1779 کے لیے دستیاب ہوگی جب کہ موبائل کا ماڈل نمبر بیک کور پر درج ہے۔کمپنی متاثرہ صارفین سے بذریعہ ای میل رابطے میں رہے گی اور موبائل میں سگنلز کی خرابی کی شکایت کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ پر درج کرائی جاسکتی ہے۔