برلن(این این آئی)یورپ میں طوفانی ہواؤں نے کاروبار زندگی کو بْری طرح متاثر کیاہے، جرمنی میں اس طوفان کے سبب مزید دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس طرح صرف جرمنی میں ہی ہلاکتوں کی تعداد کم از کم آٹھ تک پہنچ گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فریڈرک نامی اس طوفان کے سبب صرف جرمنی میں ہونے والی والی ہلاکتوں کی تعداد آٹھ تک پہنچ چکی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جرمن ریاست
لوئر سیکسنی کے شہر ہالے میں گزشتہ شب زخمی ہونے والے دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے ۔ ان میں ایک 65 سالہ شخص اپنے گھر کی اوپری منزل پر موجود تھا جب وہ تیز ہواؤں کے سبب آٹھ میٹر کی بلندی سے زمین پر آن گرا جب کہ 34 سالہ ایک شخص طوفانی ہوا کے سبب گرنے والے درخت کی زد میں آ کر
زخمی ہوا تھا۔دوسری طرف اس طوفان کے باعث ریلوے نظام میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔ جرمنی کی مرکزی ریلوے کمپنی ڈوئچے بان کے مطابق جرمنی کے جنوبی حصے میں تیز رفتار ٹرینیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں تاہم باقی ملک میں ابھی تک ٹرینوں کا شیڈول شدید متاثر ہے۔