اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار میں داخل، مزار میں موجود افراد کا اسرائیلی فوج پر پتھرائو ، نامعلوم شخص کی جانب سے رکھے گئے بم کو ناکارہ بنانے کیلئے مزار میں داخل ہوئے، اسرائیلی فوج کا دعویٰ۔ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کی ایک
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزارکو نقصان پہنچانے کیلئے اس کے اندر نصب بم کو ناکارہ بنا دیا ہے۔ اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بم ایک موبائل فون کے ساتھ نصب تھا جس کی اطلاع اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں کو ملی تو ایک ٹیم کو اس بم کو ناکارہ بنانے کیلئے مزار کے اندر بھیجا گیا تھاجس پر وہاں موجود افراد نے پتھرائو کیا۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ موبائل فون بم برآمد کرنے کے علاوہ اس نے قریبی گائوں میں ایک سرچ آپریشن کے دوران ہتھیار برآمد کر کے 11افراد کو گرفتار کر لیاہے۔ واضح رہے کہ حضرت یوسف علیہ السلام کا مزار دریائے ارد ن کے مغربی کنارے پر واقع شہر میں ہے اور اس کا انتظام فلسطینی اتھارٹی کے پاس ہے۔ اس سے قبل بھی صیہونیوں کی جانب سے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار کی بے حرمتی کی متعدد بار کوششیں کی جا چکی ہیں۔ اکتوبر 2015میں مشتعل صیہویوں کی جانب سے بے حرمتی کے ارادے سے اس پر حملہ کیا جا چکا ہے جسے فلسطینی پولیس نے ناکام بنا دیا تھا۔اسرائیلی یہودی حضرت یوسف علیہ السلام کے حوالے سے اپنے غلط عقائد کی وجہ سے ان پر نعوذ باللہ بہتان تراشی کرتے ہیں جبکہ ان کی مذہبی تعلیم میں بھی ان کو یہی درس دیا جاتا ہے۔