اسلام آباد (نیوزڈیسک)پاکستان نے اس سال جنوری میں امریکی ڈرون حملہ میں دو مغربی یرغمالیوں وارن وینسٹین اور گیوانی لوپورٹو کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون حملہ میں ان دونوں مغربی باشندوں کی ہلاکت ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے غیر ارادی نتائج اور خطرہ کا نتیجہ ہے جمعہ کو دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں بے گناہ شہریوں کی شہادت کے باعث پاکستان اس مشکل وقت میں وارن وینسٹین اور گیوانی لوپورٹو کے خاندانوں کا دکھ اچھی طرح سمجھتا ہے۔ ترجمان نے مزید کہاکہ ڈرون حملہ میں ان دونوں مغربی باشندوں کی ہلاکت ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے غیر ارادی نتائج اور خطرہ کا نتیجہ ہے جو پاکستان طویل عرصہ سے اجاگر کر رہا ہے۔