اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے خوشاب اور کراچی میں پولیس کے دو ملازمین اور ایک شخص کو گھر میں گھس کر ہلاک کرنے والے دو ملزمان عبدالرحمان اور معین الدین کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا ہے ۔ معین الدین کے بلیک وارنٹ جاری کر دیئے گئے تھے تاہم گزشتہ روز چیف جسٹس ناصر الملک نے چیمبر میں آن کے وارنٹ پر عملدرآمد روک دیا تھا اور کیس کو آج جمعرات کو سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دیا تھا ۔ جس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ عبدالرحمان نامی شخص اس وقت میانوالی جیل میں ہے اور انہوں نے دو پولیس ملازمین کو خوشاب میں قتل کر دیا تا اب ان کا راضی نامہ ہو چکا ہے ۔ عملدرآمد روکا جائے جبکہ دوسرے ملزم معین الدین کے وکیل اشتیاق احمد راجہ نے عدالت کو بتایا کہ معین الدین نے ایک شخص کو گھر میں گھس کر قتل کر دیا تھا اس کے بلیک وارنٹ پر عدالت پہلے ہی عملدرآمد روک چکی ہے ۔ راضی نامہ ہو چکا ہے معاملہ لارجر بینچ کو ریفر کیا جا چکا ہے جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا ہے کیس کی مزید سماعت یکم مئی کو ہو گی ۔