ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں میٹروبس منصوبے کی تعمیر کے دوران ناقص میٹیریل کے استعمال کا انکشاف،میڈیا رپورٹس کے مطابق ملتان میٹروبس منصوبے میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا ہے ،ستونوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں ۔ملتان کے شہریوں نے میٹروبس کے ٹریک کے ستونوں میں پڑی ہوئی دراڑوں کی تصاویر لے کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی ہیں جس کے بعد پنجاب حکومت اور اس منصوبے کو تعمیر کرنے والوں
کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ 30 ارب روپے کی لاگت سے بنایا گیا یہ منصوبہ مسافروں کی جان کو خطرے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ تاہم حکومت کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آسکا، واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف متعدد مواقعوں پر اس بات کا اعلان کرچکے ہیں کہ منصوبے میں کسی قسم کی کوئی کرپشن نہیں کی گئی ۔انہوں نے نیب کو بھی چیلنج کیا کہ وہ تحقیقات کر کے اپنا شوق پورا کرلے۔