اسلام آباد (این این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو قومی سلامتی سے متعلق بند کمرہ اجلاس میں بریفنگ دی۔سینٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے فوجی حکام نے بتایا ہے کہ فوجی عدالتوں میں دہشتگردی کے مقدمات میں 161مجرموں کو سزائے موت سنائی گئی ٗ 56کو پھانسی دی گئی ۔
اس موقع پر ڈی جی ایم او جنرل ساحر شمشاد مرزا کی جانب سے سینیٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فوجی عدالتو میں دہشتگردی کے مقدمات میں 161 مجرموں کو سزائے موت سنائی گئی جبکہ 56 مجرموں کو پھانسی دی گئی۔ذرائع کے مطابق فوجی حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ 13 مجرموں کو آپریشن رد الفساد سے قبل اور 43 کو آپریشن کے آغاز کے بعد پھانسی دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 7 جنوری کو فوجی عدالتوں کی مدت ختم ہونے پر مقدمات پر کارروائی روک دی گئی تھی بعد ازاں 28 مارچ کو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی گئی۔ذرائع کے مطابق فوجی حکام نے سینیٹرز کو بتایا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے آرمی چیف بننے کے بعد فوجی عدالتوں کو 160 مقدمات بھیجوائے گئے، جن میں سے 33 پر فیصلہ سنایا گیا، 8 کو سزائے موت اور 25 کو قید کی سزائی دی گئی جبکہ 120 مقدمات 19 نومبر 2017 کو فوجی عدالتوں میں بھیجوائے گئے۔