لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف اور گیلانی خاندان کے درمیان صلح ہو گئی، دونوں پارٹیوں نے پولیس کو دی درخواستیں واپس لے لیں۔ تفصیلات کے مطابق پھول نگر کے قریب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کاالزام پیپلز پارٹی کے رہنما
یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی پر عائد کیا گیا تھا ۔ تاہم اب دونوں جماعتوں کے درمیان معاملہ حل ہو گیا ہے ۔گیلانی خاندان نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی درخواست پر مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے جبکہ تحریک انصاف بھی اندراج مقدمہ کی درخواست واپس لے لی ہے۔ اس حوالے سے علی قاسم گیلانی نے کہا کہ فواد چوہدری اور دیگر نے گیلانی خاندان سے رابطے کیے،انکی یقین دہانی پر مقدمہ نہیں کروا رہے ۔ قاسم گیلانی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ برداشت کی سیاست کی ہے ،واقعہ غیر ارادہی طور پر پیش آیا ۔جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہاکہ علی موسی اور فیصل جاوید سے بات کر کے معاملہ حل کروا دیا ہے،چھوٹا سا واقعہ ہوا، تنازعہ احسن طریقے سے حل کر دیا، اب دونوں فریقین کسی قسم کی کوئی چارہ جوئی نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے قافلے پر علی موسیٰ گیلانی کے محافظوں نے فائرنگ کر دی تھی، اس فائرنگ کی زد میں فیصل جاوید کی گاڑی آئی تھی مگر وہ گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے تھے۔