اسلام آباد(سی پی پی )مسلم لیگ (ن )کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں سے چھوٹے صوبوں کا فائد ہ ہے ، عمران خان جلد الیکشن کرانے کا مطالبہ کر کے چھوٹے صوبوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں ، اگر آج انتخابات
کرادئیے جائیں تو چھوٹے صوبوں کا یہ حق ختم ہو جائے گا۔جمعہ کی صبح نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کے خدشات ٹھیک ہیں ،جو صورتحال نظر آرہی ہے اس سے ایسا ہی لگتا ہے کہ سینٹ الیکشن تک موجودہ سیٹ اپ کو جاری نہیں رہنے دیا جائے گا لیکن میرا خیال ہے کہ اسمبلیاں اپنا وقت پورا کریں گی ،الیکشن شیڈول کے مطابق ہو گا اور سینٹ کی رکاوٹیں بھی ٹوٹ جائیں گی ۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ پیپلز پارٹی حلقہ بندیوں میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے لیکن یہ جمہوری جماعت ہے اس لیے کبھی بھی آئین کو تباہ نہیں ہونے دے گی ،پیپلز پارٹی ایک دو دنوں میں حلقہ بندیوں سے متعلق ترمیم کو کامیاب کرا دے گی۔ان کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں حمایت حاصل نہیں ا ور پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو الگ الگ الیکشن لڑنے پڑیں گے اس لیے دونوں جماعتوں کو ایک دوسرے سے اتنا نقصان نہیں ہو گا ۔ ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں سے چھوٹے صوبوں کا فائد ہ ہے ،عمران خان کو آئین اور جمہوریت کی سمجھ نہیں ہے ،اگر انہیں سمجھ ہوتی تو یہ مطالبہ کبھی نہ کرتے ، عمران خان جلد الیکشن کرانے کا مطالبہ کر کے چھوٹے صوبوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں ، اگر آج انتخابات کرادئیے جائیں تو چھوٹے صوبوں کا یہ حق ختم ہو جائے گا،اس سے بجٹ میں پنجاب کو کم حصہ ملے گا اور چھوٹے صوبوں کو زیادہ حصہ ملے گا ۔