اسلام آباد (آئی این پی)راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں پیر سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی ،سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں پنجاب ،خیبرپختونخوا،بلوچستان ،فاٹا،ہزارہ ،کشمیر ،گلگت بلتستان میں پیر سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔بارشوں کا سلسلہ
جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔بارشوں اور برفباری کے باعث ملک میں درجہ حرارت میں مزید کمی آنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔تاہم بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لیپٹ میں رہے۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت: قلات،کوئٹہ منفی 10، کالام منفی 06، دالبندین، دیر،سکردو منفی 05،گلگت منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔