اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کو چھوڑنے والے سینئر سیاسی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی جو پہلے مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر تحریک انصاف کا حصہ بنے تھے نے دوبارہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جاوید ہاشمی کی ن لیگ میں واپسی کے امکان کی وجہ سے لیگی حلقے شدید تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں، سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے ملاقات کے لیے مخدوم جاوید ہاشمی کو اسلام آباد بلوایا تھا جس
کے بعد ان کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا قوی امکان ہے، مخدوم ہاشمی کے ن لیگ کے شمولیت کے امکان پر ن لیگ کے بلدیاتی نمائندے ناراض ہو گئے ہیں، این اے 149 ملتان سے مسلم لیگ (ن) کے بلدیاتی نمائندوں نے جاوید ہاشمی کی پارٹی میں ممکنہ شمولیت پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور اس کے علاوہ بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس میں قرارداد بھی منظور کر لی گئی ہے اس قرارداد کے متن کے مطابق جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت ناقابل قبول ہے۔