لاہور ( این این آئی) آئی ٹی یو کے وائس چانسلر اور پی آئی ٹی بی کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف کو ایک اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب گورنمنٹ کے 332محکمے پنجاب جاب پورٹل پر رجسٹر ہو چکے ہیں جس میں 11,175امیدوار مختلف صوبائی محکموں میں خالی آسامیوں کے لیے آن لائن درخواستیں دے چکے ہیں۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے اس پورٹل کا آغاز اس سال اگست میں کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ
پی آئی ٹی بی کے جاب پورٹل کے ذریعے مختلف محکموں میں جائے بغیر 24/7خالی آسامیوں کے لیے درخواستیں دینے کی سہولت دی گئی ہے۔پورٹل http://jobs.punjab.gov.pkخاص طور پر تمام صوبائی حکومت کی ملازمتوں پر درخواست دینے کے لیے شروع کی گئی ہے جو امیدواروں کو یہ سہولت بھی مہیا کرتی ہے کہ وہ اپنی اہلیت کے مطابق درخواستیں دیں۔پی آئی ٹی بی کے جاب پورٹل سرچ فلٹرز کو استعمال کر کے امیدوار اپنی متعلقہ نوکری کے لیے ایک پروفائل بنا سکتے ہیں ۔ مزید یہ کہ ڈیٹا بیس زیادہ ہونے کی صورت میں مطلوبہ الفاظ استعمال کرتے ہوئے متعلقہ ملازمتوں تک رسائی آسان بنا دی گئی ہے۔