اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت اور پاکستان کے بیشتر علاقے اس وقت شدید سموگ کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث شہریوں کی زندگی عذاب بن کر رہ گئی ہے تاہم اب بھارت کی دہلی حکومت نے سموگ کا حل ڈھونڈ نکالا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مصنوعی بارش کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ مصنوعی بارش کے ذریعے ہوا میں موجود مٹی اور زہریلا دھواں کسی حد تک کم کرنے میں مدد ملے گی
جب کہ شہری بھی سکون کی سانس لے سکیں گے۔ماحولیات کے وزیر رتیش کمار سنگھ نے بھارت کی دیگر ریاستوں کے وزرا اورسول سرونٹس سے ملاقات کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ مصنوعی بارش کے لیے فائر ٹرک استعمال کیے جائیں گے۔ماحولیاتی تحفظات کے ادارے سے تعلق رکھنے والی شروتی بھاردواج کا کہنا ہے کہ صرف مصنوعی بارش ہی اس مسئلے کا حل ہے اور پانی کے اسپرے سے زہریلی گیسوں اور آلودگی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔