اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) طبی ماہرین نے پوری دنیا میں طاعون پھیلنے کے خدشے کا اظہار کیا ہے، تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا ذرائع کا کہناہے کہ افریقی ملک مڈگاسکر میں صرف ایک ہفتے کے دوران طاعون کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں 8 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہاں اب تک 2 ہزار افراد طاعون سے متاثر ہو چکے ہیں ان دو ہزار میں سے 143 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے طاعون کی وبا پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر 9 ممالک میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ضروری اقدامات اٹھانے کی
ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق طاعون ایک چھوتی بیماری ہے جو جو کھانسی، تھوک اور نزلہ سے بھی پھیل سکتی ہے۔ طاعون کے شکار شخص کی موت 24 گھنٹوں کے اندر واقع ہو جاتی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے جاری کی گئی تنبیہ کے مطابق مڈگاسکر میں پھیلنے والی طاعون کی حالیہ وبا کا دائرہ کار دیگر افریقی ممالک تک پھیل سکتا ہے اور اس صورت میں اس کا دورانیہ 6 مہینے تک ہوگا۔ طبی ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس وباء کو روکا نہ گیا تو اس کا دائرہ کار پوری دنیا میں پھیل سکتا ہے۔