لاہور( این این آئی)نیشنل ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے ماہرین اسموگ کیلئے تیار کئے جانے والے بجلی کے نظام کا جائزہ لینے کیلئے چین روانہ ہو گئے ،ماہرین تمام پہلوئوں کا جائز ہ لے کر پاکستان میں اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں بھی اسی طرح کے نظام پر عملدرآمد کے لئے پیشرفت کریں گے۔ سرکاری ریڈیو
کے مطابق ماہرین کی ٹیم چین بھیجنے کا فیصلہ گزشتہ روز پاور ڈویژن کے وزیر سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس ملک کے بعض حصوں میں نئی موسمی حالات کے باعث بجلی کے تعطل سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے طلب کیا گیا تھا۔جس میںتمام تقسیم کار کمپنیوں ،این ٹی ڈی سی ، جنکوز، این پی سی سی اور پاور ڈویژن کے حکام نے شرکت کی ۔وفاقی وزیر نے اہم مقامات پر انسداد
اسموگ او ر انسداد دھند ڈسک کی تنصیب جیسے فوری اقدامات کی ہدایت کی تاکہ صارفین کے لئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ سردار اویس لغاری نے ڈیسکوز اور این ٹی ڈی سی کے تمام چیف ایگزیکٹو افسروں کو تین سے چارہفتے میں مل بیٹھ کر اس مسئلے کا تکنیکی طور پر پائیدارحل نکالنے کی بھی ہدایت کی ۔وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ میپکو، لیسکو اور حیسکو کی حدود میں پہلی بار منفرد نوعیت کی اسموگ کا سامنا ہے۔