لاہور (این این آئی)شہزاد رائے کو اقوام متحدہ کی جانب سے خیرسگالی سفیر بنائے جانے پرجواد احمد ، سلمان احمد، علی ظفراور دیگر فنکاروں نے مبارکباد دی۔ شہزاد رائے کو اقوام متحدہ کے ادارہ انسداد منشیات و جرائم کی طرف سے سفیر منتخب کیے جانے کے بعد مختلف اداکاروں کی جانب سے مبارکباد دی گئی، جس پر شہزاد
رائے کا کہنا تھا کہ ہمیں قوم کے معماروں کو راہِ راست پرلانے کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی ۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے میرے دل کے بہت قریب ہیں اور انہیں چھوٹے موٹے جراِئم میں ملوث ہوتا دیکھ کر اور منشیات کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی زندگیاں خراب کرتے دیکھ کر دکھ ہوتا ہے،اگر بحیثیت سفیر خیرسگالی وہ ایک بچے یا ایک نوجوان کی بھی مدد کرنے میں کامیاب ہوگئے
تو انہیں اپنی کامیابی پر فخر ہوگا۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم نے معروف گلوکارشہزاد رائے کو پاکستان میں خیرسگالی کاسفیر مقرر کر دیا ہے- اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر یوری فیڈوٹوپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک گلوکار ،سماجی کارکن اور انسان دوست کی حیثیت سے منشیات کے خلاف شہزاد رائے کاعزم قابل قدر ہے۔