بیجنگ (آئی این پی ) چین میں بزرگ شہریوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اندازہ ہے کہ 2035ء کے اختتام تک بزرگ شہریوں کی تعداد 40کروڑ سے زیادہ ہو جائے گی ، 2000ء تک چینی معاشرے
کو بزرگوں کا معاشرہ قراردیا گیاتھا اس وقت سے بزرگ شہریوں کی آبادی میں ایک کروڑ سالانہ کا اضافہ ہورہا ہے۔ان خیالات کااظہار چینی ایسوسی ایشن برائے سوشل سکیورٹی کے سربراہ زینگ گانگ چینگ نے چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی زو کے دارالحکومت گوئی یانگ میں ایک فورم میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ 2035ء تک چین میں بزرگ شہریوں کی تعداد 40کروڑ تک پہنچ جائے گی اور چین سپر بزرگ معاشرہ بن جائے گا ،بین الاقوامی معیار کے مطابق بزرگ معاشرہ ان ملکوں کو کہا جاتا ہے کہ جن میں 65برس یا اس سے اوپر شہریوں کی تعداد کل آبادی کا 7سے 14فیصد تک ہو جائے تا ہم جب یہ تعداد 14فیصد سے بڑھ جائے تو اس معاشرے کو سپر بزرگ معاشرہ کہا جاتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چین میں بزرگ شہریوں کو صحت عامہ کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے ۔