کابل /واشنگٹن(این این آئی)افغانستان میں امریکی وزیرخارجہ کی افغان صدر کے ساتھ ملاقات بگرام فوجی بیس یا کابل میں ہوئی ؟ ملاقات کے مقام کے حوالے سے کابل کی غلط بیانی کا امریکی اخبار نے بھانڈا پھوڑ دیا۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے امریکی دفترخارجہ اور افغان صدر کے دفتر سے جاری کی گئی ایک ہی ملاقات کی دو مختلف تصاویر کو ساتھ ساتھ شائع کیا ہے جس میں واضح طور پر
تمام چیزیں ہو بہو ایک جیسی دیکھی گئیں ٗ سوائے دیوار پر نصب ڈیجیٹل کلاک اور سرخ رنگ کے ایمرجنسی الارم کے ۔امریکی اخبار نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ اور افغان صدر کے درمیان ہوئی ملاقات کا مقام دراصل کابل سے سوا گھنٹے دور کی مسافت پر امریکی فوجی بیس بگرام تھا،جس کو افغانستان کی جانب سے کابل کے طور پر پیش کیا گیا۔امریکی اخبار نے دعویٰ کیا کہ ماہرین کے مطابق تصویر سے ڈیجیٹل کلاک اور ایمرجنسی الارم کو واضح طور پر ایڈٹنگ ٹولز کی مدد سے مٹادیا گیا ہے۔