اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی ائیر ہوسٹس کو کسٹم حکام نے تحویل میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی ائیر ہوسٹس کو نیند کی گولیاں برآمد ہونے پر جدہ ائیرپورٹ پر کسٹم حکام نے تحویل میں لے لیا، اس ائیر ہوسٹس کو وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے کی مداخلت کی وجہ سے دس روز بعد رہائی ملی، ایک قومی اخبار کے مطابق دس روز قبل ملتان کی ائیر ہوسٹس لاہور سے جدہ جانے والی پاکستان ائیر لائن کی پرواز کے ساتھ ڈیوٹی پر گئی، جدہ ائیر پورٹ پر
کسٹم کلیئرنس کے موقع پر ان کے ہینڈ بیگ سے نیند اور بلڈ پریشر میں استعمال ہونے والی گولیاں زینکس برآمد ہوئیں جس پر کسٹم حکام نے انہیں گرفتار کر لیا۔ وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام کی مداخلت پر کسٹم حکام نے زینکس کا لیبارٹری ٹیسٹ کروایاجس کی رپورٹ آنے پر ائیر ہوسٹس کو پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔ اس ائیر ہوسٹس کے خاوند نے کہا کہ فلائٹ پر جانے سے قبل اس کی بیوی کے پرس میں ملازمہ نے گولیوں کی بوتل رکھ دی تھی، ان کے اس انکشاف کے بعد معاملہ حل ہو گیا۔