اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کھربوں روپے کی کرپشن میں ملوث لوگ ملک کو تباہ کر رہے ہیں، ایسا نہ ہو مسلم لیگ ن پاکستان کو بھارت کے آگے گروی رکھ دے، پرویز مشرف کا کراچی میں آل پاکستان مسلم لیگ کے جلسہ
سے ٹیلیفونک خطاب۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں اپنی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا نہ ہو کہ مسلم لیگ ن پاکستان کو بھارت کو آگے گروی رکھ دے۔ انہوں نے اپنے اوپر الزامات لگانے والوں کو دنیا کے کرپٹ ترین لوگ قرار دیتے ہوئے ان لوگوں کو ملک کی بربادی کا ذمہ داری قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ فوج کے خلاف بول رہے ہیں میں ان کی مذمت کرتا ہوں، ہم فوج کے ساتھ ہیں اور اس لئے فوج کی حمایت میں آج عظیم الشان ریلی نکالی ہے.انہوں نے کہا کہ لوگ دیگرجماعتیں چھوڑ کر اے پی ایم ایل میں شامل ہو رہے ہیں اور ہم جلد کراچی کے ضلع وسطی میں بڑا جلسہ کریں گے اورہم کراچی میں ماضی کے برعکس لسانیت کو نہیں بلکہ پاکستانیت کو فروغ دیں گے.پرویز مشرف نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے اور ہم سب ایک پاکستانی قوم ہیں جس کے لیے ہمیں ہر قسم کی لسانیت اور صوبائیت کا خاتمہ کر کے ایک پاکستانی ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔ اس موقع پر سابق صدر پرویز مشرف نے فنکشنل لیگ کے ساتھ سندھ میں سیاسی اتحاد کی خواہش کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیر پگارا کیساتھ میرا خاص تعلق ہے، سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف اتحادہو سکتا ہے۔