فیلا ڈیلفیا(نیوز ڈیسک )امریکی شہر فیلا ڈیلفیا کے سب وے اسٹیشن پر مسافروں نے ریلوے ٹریک پر گرنے والے شخص کو بچا لیا۔پنسلوینیا ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کی جاری کردہ ڈرامائی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلاڈیلفیا سب وے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر ایک شخص اپنی توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے ٹریک پر گر جاتا ہے۔ جس کو بچانے کیلئے ایک نوجوان چھلانگ لگا دیتا ہے۔ اس دوران دیگر مسافر بھی مدد کو پہنچتے ہیں۔ اور کسی ٹرین کے آنے سے قبل متاثرہ شخص سمیت نوجوان کو ٹریک سے باہر نکال لیتے ہیں۔ جس کے بعد ٹریک پر گرنے والے زخمی شخص کوہسپتال منتقل کردیا جاتا ہے۔ ٹرانزٹ ایجنسی نے مسافروں کے اس بروقت اقدام کو سراہا ہے تاہم ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں متاثرہ شخص کو بچانے کی کوشش کے بجائے ایمرجنسی کال باکس کا استعمال کیا جائے کیوں کہ مسافروں کی ایسی کوشش سے کوئی بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔