سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک)سیالکوٹ سے ریاض جانے والی پی آئی اے کی پرواز کی لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہوئی ہے۔ ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق سیالکوٹ سے ریاض جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 755 کے کارگو سیکشن میں آگ لگ گئی جس کے بعد اسے فوری طور پر اتار لیا گیا۔ ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق طیارے میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے جنہیں بحفاظت طیارے سے نکال کر ایئرپورٹ کی انتظار گاہ میں بٹھا دیا گیا ہے۔دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے میں آگ نہیں لگی بلکہ پائلٹ نے
کاکپٹ میں دھویں کی نشاندہی کی تھی جس پر طیارے کو فوری طور پر لاہور ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ترجمان کے مطابق مسافر طیارے کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے جب کہ متاثرہ طیارے کے مسافر لاہور ائیرپورٹ کے لاؤنج میں ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ساڑھے گیارہ بجے متاثرہ طیارے کے مسافروں کو ریاض کے لئے روانہ کیا جائے گا۔قومی ائیر لائنز کا طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا،، اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کے کارگو کمپارٹمنٹ سے دھواں اٹھنے لگا، الارم بجنے پر پرواز میں سوار مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔