کراچی(آن لائن)کراچی پولیس نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے غلام قادر چانڈیوکے ڈرائیور کو ایک حادثے کے بعد ڈیفنس کراچی سے گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایم پی اے غلام قادر چانڈیو کے ڈرائیور عظیم کو ڈیفنس کے علاقے خیابانِ اتحاد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے بتایا کہ ڈرائیور کو موٹر سائیکل سوار اور ایک کیٹرنگ کمپنی کی گاڑی کو ٹکر مارنے کے بعد گرفتار کیا گیا
تاہم گاڑی میں ایم پی اے غلام قادر چانڈیو موجود نہیں تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا لیکن موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوا ہے جسے جناح پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل کیئر سنٹر کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔