اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کو سمندر سے محروم اور خشکی سے گھرا ملک بنانے کیلئے بلوچستان اور کراچی کو ملک سے کاٹنے کا دشمن کا منصوبہ ناکام بنا دیا،جلد قوم کو نیشنل ایکشن پلان پر خوشخبری ملے
گی، بھارت میں اتنی سکت نہیں کہ ہمارے خلاف فوری اور بڑی جنگ چھیڑ سکے،مشرقی بارڈر پر دشمن کو دندان شکن جواب دیا جا رہا ہے، مشیر قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر جنجوعہ کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق مشیر قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر جنجوعہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو سمندر سے محروم اور خشکی سے گھرا ملک بنانے کیلئے بلوچستان اور کراچی کو ملک سے کاٹنے کا دشمن کا منصوبہ ناکام بنا دیاگیا ہے۔ بھارت اس قابل نہیں کہ پاکستان کے خلاف فوری اور بڑی جنگ چھیڑ سکے، پاک فوج مشرقی بارڈر پر دشمن کو دندان شکن جواب دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی سازش کو فاٹا میں ناکام بناتے ہوئے اسے واپس دھکیل دیا ہے، سی پیک دشمنوں کی آنکھ میں کھٹک رہا ہے۔ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ مدرسہ اصلاحات میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں جو تمام مکاتب فکر کے وفاق المدارس کے قابل قدر تعاون سے ممکن ہوئیں۔ مدارس کی غیر ملکی فنڈنگ روکنے کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلسل اور مخلصانہ کوششوں کے بعد افغانوں کو بھی اپنی غلطیوں کا آہستہ آہستہ احساس ہو رہا ہے۔