اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں سینئر صحافی ولی رضوی اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے، تفصیلات کے مطابق پولیس کا ان کی ہلاکت بارے کہنا ہے کہ سینئر صحافی ولی رضوی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔ سینئر صحافی سید ولی رضوی کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع فلیٹ فریال پیراڈائیز میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے، اس واقعہ کی اطلاع فلیٹ کی یونین نے پولیس کو دی۔ شارع فیصل کے ڈی ایس پی شوکت علی نے کہا کہ ولی رضوی
کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے، پی ایف یو جے کے صدر خورشید عباسی نے اس موقع پر کہا کہ ولی رضوی کی طبیعت کافی عرصے سے خراب رہتی تھی اور وہ اس فلیٹ پر کئی برسوں سے اکیلے رہتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ولی رضوی کے گھر والوں سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے اہل خانہ سے رابطہ ہونے کے بعد تدفین کے بارے آگاہ کیا جائے گا، حامد میر نے سینئر صحافی ولی رضوی کی پراسرار موت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اس طرح ہلاکت کی تفتیش ہونی چاہیے۔