اسلام آباد (این این آئی)ترجمان رینجرز پنجاب نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر رینجرز کی کوئک رسپانس فورس روٹین کی سیکورٹی کے حوالے سے موجود ہے ٗمزید نفری کے لئے انتظامیہ کی جانب سے ہمیں کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان نے کہاکہ رینجرز کی مزید نفری کے لئے اسلام آباد کی سول ایڈمنسٹریشن خط لکھتی ہے اس کے بعد ہی نفری تعینا ت کی جاتی ہے ٗ
عام طور پر اسمبلی کے اجلاس کے موقع پراضافی نفری تعینات کی جاتی ہے۔اس سے قبل نجی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ رینجرزنے پا رلیمنٹ کی سیکیورٹی واپس لے لی ہے ٗگز شتہ دو روز سے پارلیمنٹ کی سیکیورٹی صرف پولیس اور ایلیٹ فورس کررہی ہے ،اس سے قبل ا ن اداروں کے علاوہ رینجرزاہلکارپارلیمنٹ کی سیکیورٹی پر مامور تھے۔اس حوالے سے پارلیمنٹ کے سیکیورٹی حکام نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر آفس کو آگاہ کر دیا۔