لاہور(نیوز ڈیسک)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور طارق افتخار نے قتل کیس میں ملوث رنگ محل کے رہائشی مجرم معظم خان کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے ،دریں اثناء4 انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بھی ایک مجرم غلام نبی کے بلیک وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔پہلے کیس میں مجرم معظم خان کو22اپریل کو کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دی جائے گی جبکہ دوسرے کیس کے مجرم غلام نبی کی سزائے موت پر 20اپریل کو عمل درآمد کیا جائے گا۔معظم خان کو ایڈیشنل سیشن جج معروف احمد علی نے 2000ء4 میں سزائے موت کی سزا سنائی تھی،مجرم کی تمام اپیلیں بھی خارج ہوچکی ہیں ،سیشن جج لاہور نے معظم خان کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرتے ہوئے 22اپریل پھانسی کی تاریخ مقرر کردی ہے،عدالت نے معظم خان کی آخری خواہش قلمبند کرنے اورلواحقین کی آخری ملاقات کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عظیم بٹ کو مقررکردیاہے۔دریں اثناء4 انسداددہشت گردی کی عدالت سے جس مجرم غلام نبی کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے گئے ہیں اسے سیشن کورٹ میں فائرنگ کرکے مختار احمد کو ہلاک اور ظہورکو زخمی کرنے کے جرم پرسزائے موت کا حکم سنایا گیا تھا ،مجرم کی اپیلیں خارج ہونے پر اس کے بلیک وارنٹ جاری کئے گئے ہیں،اسے 20 اپریل کو کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دی جائے گی۔