اسلام آباد(این این آئی) پاکستان نے عراقی کردستان میں خودمختاری کے لئے حالیہ ریفرنڈم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان عراق کے اتحاد ،سلامتی اور علاقائی خودمختاری کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کے عراقی کردستان میں 25 ستمبر کو منعقد کئے جانے والے ریفرنڈم پر شدید تحفظات ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عراقی کردستان میں
ہونے والا ریفرنڈم عراقی آئین کی خلاف ورزی ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ عراقی کردستان میں ہونے والے ریفرنڈم کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ ریفرنڈم نہ صرف عراق بلکہ خطے کے امن و سلامتی کو بھی چیلنج کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اس ریفرنڈم کی مخالفت میں عراق اور اس کے ہمسائیوں اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم عراقی حکومت اور عوام کو اپنی بھرپور حمایت کے عزم کی تجدید کرتے ہیں ۔ترجمان نے کہاکہ ہم عراق یا خطے کے کسی بھی دیگر ملک کی علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے کوشیشوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہیں ۔