اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بلوچستان حکومت نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے تمام مزدوروں کیلئے این او سی کو لازمی قرار دیدیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں جتنے بھی ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکہ دار تمام مزدوروں کے کوائف جمع کر کے جلد از جلد صوبائی محکمہ داخلہ میں جمع کرائیں ۔محکمہ داخلہ نے مزدوروں کے لئے این او سی لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ این او سی کے بغیر کسی مزدور کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی
مزید پڑھئے:زیادہ نیند خطرناک بیماریوں میں مبتلا کرسکتی ہے : تحقیق
جبکہ صوبے میں ترقیاتی کاموں پر کام کرنے والے مزدوروں کو تحریری اجازت نامہ دینا ضروری ہو گا ۔ مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے یہ اقدام مزدوروں کے تحفظ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کو روکنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز تربت کے علاقے میں رات کو دہشت گردوں نے حملہ کر کے کیمپ میں سوئے ہوئے 20 مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔