اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن)نے خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن میں ٹکٹ کے اجراءکیلئے اقبال ظفر جھگڑا کی سربراہی میں4 رکنی کمیٹی بنا دی ،وزیر اعظم نواز شریف نے بطور صدر منظوری دیدی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز مسلم لیگ (ن) کے سربراہ وزیر اعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا ہ میں 30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کے اجراءکیلئے4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ،کمیٹی میںمسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا ،خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ ،وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام اور سینئر لیگی رہنما رحمت سلام خٹک شامل ہیں،وزیر اعظم نے کمیٹی کو خیبر پختونخواہ میں لیگی امیدواروں کو ٹکٹ کے اجراءکیلئے مکمل اختیارات دے دیئے ہیں اور اس حوالے سے باقاعدہ منظوری بھی دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ خیبر پختونخواہ میں 30 مئی کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہو چکا ہے اور اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوںکے امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ کے اجراءکیلئے بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے اورصوبائی الیکشن کمیشن نے صوبے میں بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔