اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے جہاں اپوزیشن کی بڑی جماعتیں اس وقت متحرک نظر آرہی ہیں وہیں ن لیگ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کو روکنے کیلئے متحرک ہے۔ خورشید شاہ کو بچانے کے لئے پیپلز پارٹی سے زیادہ ن لیگ نے کوششیں شروع کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق میاں محمد نواز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور اہم وفاقی وزرا کو اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی روکنے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ خورشید شاہ کو ہر حوالے سے اپوزیشن لیڈر رہنا چاہئے۔ قائد ن لیگ کی جانب سے ہدایت ملتے ہی ٹاسک ہولڈر شخصیات نے فاٹا کے ارکان اسمبلی کی حمایت کی ذمہ داری بھی لے لی ہے اور اس سلسلے میں فاٹا کے ارکان اسمبلی کو بھاری فنڈنگ بھی شروع کر دی گئی ہےجس پر فاٹا ارکان اسمبلی نے خورشید شاہ کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ ایم کیو ایم کو اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی سے باز رکھنے کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں اور ایم کیو ایم کے ساتھ فارمولا طے کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں کہ اگر ایم کیو ایم خورشید شاہ کے خلاف ووٹ کرنا بھی چاہتی ہے تو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے وقت اس کے ارکان اسمبلی کی تعداد کم ہو سکے تاکہ خورشید شاہ کا عہدہ بچ سکے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے نہ ماننے کی صورت میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو یہ ٹاسک دیدیا گیا ہے کہ اگر تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کےاپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے قومی اسمبلی میں نمبر پورے ہو جائیں توسپیکر قومی اسمبلی ایم کیو ایم پر یہ شق لاگو کردیں کہ کیونکہ ایم کیو ایم نے نواز شریف کی نا اہلی کے بعد نئے وزیراعظم کے چنائو کے
موقع پر حکومتی امیدوار کو ووٹ دیا تھا لہٰذا وہ اپوزیشن سے باہر نکل چکے ہیںاس لئے ان کا ووٹ اپوزیشن لیڈر کے انتخابات کے لئے گنتی میں نہیں آتا ۔