کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے گھوٹکی میں آئندہ ماہ کی پندرہ تاریخ کو شیڈول جلسہ منسوخ کردیا ہے پی ٹی آئی نے گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو میں پندرہ اکتوبر کو جلسے کا اعلان کررکھا تھا جس سے عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے خطاب کرنا تھا تاہم گھوٹکی کی سیاسی صورتحال میں تیزی سے تبدیلیوں کے پیش نظر تحریک انصاف نے پندرہ اکتوبر کا گھوٹکی جلسہ منسوخ کردیا ہے اور جلسے کی
نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا پی ٹی آئی رہنماوں نے جلسے کی منسوخی کی تصدیق کی جبکہ گھوٹکی کی کچھ سیاسی شخصیات کے مطابق پیپلزپارٹی گھوٹکی مقامی قیادت اور بااثر سیاسی خاندانوں کے درمیان جاری سردجنگ کی وجہ سے کئی سیاسی شخصیات اپنی پارٹیاں چھوڑنے کا اعلا ن کرسکتی ہیں اور تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین بھی گھوٹکی کی بعض اہم سیاسی شخصیات کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ شاہ محمود قریشی بھی گھوٹکی میں کچھ بااثر قبائلی وسیاسی شخصیات کو ساتھ ملانے کے لیے کوشاں ہیں ادھر پاکستان تحریک انصاف نے سندھ میں ہندو برادری کے بڑے شہر عمرکوٹ میں جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور بیس اکتوبر کو عمرکوٹ میں پی ٹی آئی ہندو برادری کے ساتھ دیوالی بھی منائے گی اور عوامی جلسے کا انعقاد بھی کرے گی عمرکوٹ اور تھرپارکر میں شاہ محمود قریشی کی غوثیہ جماعت سے وابستہ مریدوں کی بہت بڑی تعداد بھی ہے جبکہ شاہ محمود قریشی اگلے عام انتخابات میں عمرکوٹ سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں پی ٹی آئی سندھ کی قیادت نے بیس اکتوبر کو عمرکوٹ میں جلسے کی تیاریاں شروع کردی ہیں عمرکوٹ جلسے سے عمران خان خطاب کرینگے۔