اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیٹ کے باعث دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے جس پر آپ دنیا کے کسی بھی کونے کی معلومات چند سکینڈ میں حاصل کر سکتے ہیں مگر ایک مفتی صاحب نے اس معلوماتی دنیا انٹرنیٹ کو حرام گردانتے ہوئے اسے بند کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق یمن کے ایک مفتی جن کا تعلق حوثی ملیشیا سے ہے نے یہ فتویٰ جاری کیا ہے کہ انٹرنیٹ کا استعمال حرام ہے اور اس کی وجہ انہوں نے یہ پیش کی ہے کہ اس کے ذریعے لوگ فراڈ اور دھوکہ دہی کرتے ہیں۔
ان کے اس بیان کے بعد شدت پسندوں نے کئی شہروں میں زبردستی انٹرنیٹ بند کرا دیا اور کئی انٹرنیٹ مہیا کرنے والی کمپنیوں کو نکل جانے کا پیغام دے دیا۔ ضلع حمدان کے ایک شخص نے بیان دیا ہے کہ جب اس نے حوثی ملیشیا کو اپنے گھر سے وائی فائی ڈیوائس نہ اتارنے دی تو انہوں نے شدید فائرنگ شروع کر دی اور اس کو اہلخانہ سمیت شدید زدوکوب کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس فتوے کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے اور عوام کو زبردستی اس پر عمل کرنے کیلئے کہا جا رہا ہے۔