کراچی (نیوزڈیسک )سندھ ہائی کورٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے دائر ہرجانہ کیس کی سماعت کی گئی۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مقدمے میں عائد 50ہزار روپے جرمانہ عدالت میں جمع کروا دیئے۔سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیوایم کی جانب سے دائر ہرجانہ کیس کی سماعت کی گئی۔دوران سماعت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ انہوں نے کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین پر عائد کیاگیا پچاس ہزار روپے جرمانہ جمع کروا دیا ہے۔مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔واضح رہے کہ ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کو زہرہ شاہد کے قتل کا ذمہ دار قرار دیے جانے پر عمران خان کے خلاف سندھ ہائکورٹ میں پانچ ارب روپے ہتک عزت کا دعوی کیا گیا تھا۔عدالت نے سماعت کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور ان کے وکلا کے مسلسل پیش نہ ہونے پر گزشتہ سماعت پر عمران خان پر پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔