کراچی (این این آئی) پاک سرزمین پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین انیس ایڈوکیٹ نے پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں ریکوڈیک، حبیب بینک اور ترکش گورنمنٹ کی جانب سے رینٹل پاور پروجیکٹ کی مد میں پاکستان پر لگائے جانے والے بھاری جرمانے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ ادوار میں لگایا گیا جرمانہ بائیس بلین سے تجاوز کر گیا ہے اور اس پر وزارتِ خزانہ، حکومت اور تمام پارلیمانی جماعتوں کی خاموشی مجرمانہ فعل اور پاکستان کی عوام کا معاشی قتل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکومتیں کیا کر رہی تھیں جب غریب پاکستانی قوم پر 12 بلین ڈالر کا جرمانہ لگا؟، مذکورہ جرمانہ پاکستان کے موجودہ بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کو پاکستان کی عوام کو یہ جواب دینا ہو گا کے ان کے خون پسینے کی کمائی اور ان کی جانب سے دیے گئے مینڈیٹ میں یہ غفلت اور لاپروائی کیوں برتی گئی ہے۔ انہوں نے عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں سے تمام پاکستانیوں کی جیب پر ڈالے جانے والے ڈاکے کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔