لاہور( آن لائن ) حکومت پنجاب نے وزراء4 ، اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر حکام کے سرکاری اخراجات پر غیر ملکی دوروں اور علاج کے لیے بیرونِ ملک سفر پر پابندی عائد کردی۔حکومت کی جانب سے خالی اسامیوں پر بھرتیوں اور ترقیوں کے ساتھ ساتھ موجودہ اور ترقیاتی بجٹ سے مقامی طور پر اسمبل کی گئی یا درآمد شدہ نئی گاڑیوں کی فراہمی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔صوبائی حکومت نے تمام انتظامی سیکریٹریز، کمشنرز،
ڈپٹی کمشنرز، خودمختار اور ملحقہ اداروں کے سربراہان و دیگر کام کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے لیے مختص بجٹ تک محدود رہیں اور محتاط انداز اپناتے ہوئے عوام کے پیسے کے استعمال میں کفایت شعاری کا مظاہرہ کریں۔تمام حکام کو وسائل کے ضیاع اور فنڈز کے لیکج سے باز رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت کے وضع کردہ کفایت شعاری کے ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کا اطلاق مقامی حکومتوں پر بھی ہوگا۔19 ستمبر 2016 کے خط کو منسوخ کرتے ہوئے پنجاب کے محکمہ خزانہ نے 18۔2017 کے لیے تازہ کفایت شعاری اور معاشی اقدامات جاری کیے تاکہ منصفانہ انداز میں اخراجات کو کم کرکے صوبے میں مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھا جاسکے۔عوامی پیسے کے مؤثر اور کفایتی استعمال کے لیے پنجاب حکومت نے وزراء4 ، اراکین صوبائی اسمبلی اور حکام کے سرکاری فنڈز پر غیر ملکی فضائی سفر پر پابندی عائد کی، اسی طرح رواں مالی سال کے دوران کسی بھی منتخب نمائندے یا عہدیدار کو سرکاری اخراجات پر علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔