اسلام آباد (آئی این پی) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے سوشل میڈیا پر اپنے نام سے منسوب اکاؤنٹ جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ٹوئیٹر اور فیس بک اکاؤنٹ استعمال نہیں کرتا، جس نے بھی میرے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنائے برائے مہربانی بند کر دیں۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹر پرویز رشید نے سوشل میڈیا پر اپنے نام سے منسوب اکاؤنٹ جعلی قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ٹوئیٹر اور فیس بک اکاؤنٹ استعمال نہیں کرتا، جس نے بھی میرے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنائے برائے مہربانی بند کر دیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روزپرویز رشید کے نام سے منسوب ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے چوہدری نثار کے خلاف تند و تیز بیانات جاری کئے گئے تھے جن میں چوہدری نثار کو اسٹیبشمنٹ کا نمائندہ اور ن لیگ کے خلاف سازشوں کا مرتکب قرار دیاگیاتھا،دریں اثناء سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ترجمان محمد اسلم شاہد کے مطابق چوہدری نثار پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں شام 5بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان سابق وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کی جانب سے وزارت داخلہ کے حوالے سے دیئے گئے بیان کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما چوہدری نثار علی خان پارٹی قیادت سے اختلافات اور پارٹی میں دھڑے بندی کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر بھی بات کریں گے۔